گاندھی نگر، 29؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی ) گجرات میں ایک بار پھر پیپر لیک ہونے کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس کے پیش نظر 29 جنوری یعنی آج ہونے والے جونیئر کلرک بھرتی کے امتحان کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ گجرات پنچایت سروس سلیکشن بورڈ نے لیا ہے۔
خیال رہے کہ وڈودرا پولیس نے دیر رات ایک نوجوان سے پیپر کی کاپی برآمد کی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ امتحان آج صبح 11 بجے سے ہونا تھا۔ تمام امیدواروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں نہ جائیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ امتحان دوبارہ کب کرایا جائے گا۔ پرچہ منسوخ ہونے سے 9 لاکھ 53 ہزار سے زائد امیدواروں کی محنت رائیگاں چلی گئی۔
کورونا کے دور اور گجرات اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں اب تک کے سب سے بڑے بھرتی امتحان کا انعقاد کیا گیا تھا۔ پنچایت سرویس سلیکشن بورڈ کی جانب سے کلاس تھرڈ جونیئر کلرک کی کل ایک ہزار 185 آسامیوں کے لیے آج بھرتی کا امتحان لیا جانا تھا۔ اس کے لیے ریاست بھر میں 9 لاکھ 53 ہزار سے زیادہ امیدواروں کو امتحان میں شریک ہونا تھا۔ یہ امتحان 2 ہزار 995 امتحانی مراکز پر لیا جانا تھا۔
طویل عرصے کے بعد مقابلے کے امتحان کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاریاں کی گئی تھیں۔ یہ امتحان صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان ہونا تھا۔ اس کے لیے امیدواروں کو صبح 9.30 بجے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ساتھ ہی سیکورٹی انتظامات کے لیے تقریباً ساڑھے سات ہزار پولیس اہلکاروں کو امتحان کے مراکز پر تعینات رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔